پنجاب میں جاری خوشحالی کے سفر کو کےپی میں لے کر جائیں گے، امیرمقام سے ملاقات میں وزیراعلی پنجاب کی گفتگو
لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی عوام کو تبدیلی اور انقلاب کے نام پر دھوکہ دیا گیا، کے پی کے غیور عوام اب نیازی صاحب کے نعروں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر اور وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انجینئر امیرمقام نے پنجاب میں وزیراعلی شہبازشریف کے ترقیاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ محمد شہبازشریف نے صوبہ پنجاب کو بے مثال ترقی دی ہے جبکہ خیبرپختونخوا کو تحریک انصاف نے کھنڈر میں بدل دیا ہے، خیبرپختونخوا کے عوام پنجاب جیسی ترقی چاہتے ہیں۔
اس موقع پر شہبازشریف نے کہا کہ عمران نیازی نے خیبرپختونخوا کے عوام کو مایوس کیا ہے، ‘‘بلین ٹریز’’ کے نام پر دھوکہ دینے والے قوم کے رہنما کیسے ہوسکتے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں حقیقی انقلاب برپا کریں گے، وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں جاری ترقی و خوشحالی کے سفر کو خیبرپختونخوا میں لے کر جائیں گے۔