پی ٹی آئی مبینہ غیرملکی فنڈنگ کی تحقیقات پر سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی

Last Updated On 09 May,2018 12:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے وکیل بابراعوان کی استدعا پر پی ٹی آئی مبینہ غیرملکی پارٹی فنڈنگ کی تحقیقات کیلئے ٹی او آرز کے معاملے پر سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی۔

الیکشن کمیشن میں ممبر کمیشن غفار سومرو کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے پی ٹی آئی غیرملکی فنڈنگ کیس کی تحقیقات کیلئے ٹی او آرز کے معاملے پر سماعت کی، اکبر ایس بابر کے وکیل نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کمیٹی کےسامنے درخواست گزار کی موجودگی میں تفصیلات دینے سےانکار کیا، اگر تفصیلات نہیں دی جاتیں تو الیکشن کمیشن قانونی فیصلہ کرے، چار سال سے کیس چل رہا ہے اب الیکشن کمیشن کو فیصلہ کر دینا چاہیے۔

تحریک انصاف کی جانب سے بابراعوان نے وکالت نامہ جمع کرایا، ان کا کہنا تھا کہ پہلی بار دیکھا ہے کہ ایک وکیل نے وکالت نامہ جمع کرایا، دوسری جانب سے دلائل دئیےجارہے ہیں۔ انہوں نے سماعت 2 ہفتوں کیلئے ملتوی کرنے کی استدعا کی اورکہا کہ آئندہ بے شک کیس کو روزانہ کی بنیاد پر سن لیں، منٹوں میں ٹی او آرز پر دلائل دے دوں گا، الیکشن کمیشن نے سماعت 28 مئی تک ملتوی کردی۔