لاہور: (دنیا نیوز) جماعتِ اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کے حکمران بے ضمیر ہیں، ہماری لڑائی ملک میں ظلم کیخلاف ہے، اہم اقلیتوں کو برابر کے حقوق دیں گے۔
مینارِ پاکستان پر متحدہ مجلسِ عمل (ایم ایم اے) کے جلسے سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ ہم موجودہ معاشی نظام کو نہیں مانتے۔ سود کی بنیاد پر جس ملک کی معیشت ہو وہ ترقی نہیں کر سکتا۔ کروڑ پتی اور مزدور سے برابر کا ٹیکس لیا جاتا ہے۔ ہم ملک سے سودی نظام اور ٹیکس کے نظام کا خاتمہ کرینگے۔ پاکستان میں نظامِ مصطفیٰ کے نفاذ کیلئے لڑیں گے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کے حکمران بے ضمیر ہیں۔ ہم برداشت اور ترقی کی سیاست چاہتے ہیں۔ ہم اس ملک میں یکساں نظامِ تعلیم رائج کرینگے۔ ہماری لڑائی ملک میں ظلم کیخلاف ہے، اہم اقلیتوں کو برابر کے حقوق دیں گے۔