قومی سلامتی کمیٹی کا ممبئی حملوں سے متعلق نواز شریف کا بیان مسترد

Last Updated On 15 May,2018 09:48 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی سلامتی کمیٹی نے نواز شریف کا ممبئی حملوں پر بیان گمراہ کن قراردیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ شرکا نے قرار دیا کہ ممبئی حملہ کیس کے فیصلہ میِں تاخیر کا ذمہ دار بھارت ہے، پاکستان نہیں۔

 وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی نے متفقہ رائے دی کہ نواز شریف کا ممبئی حملوں پر روزنامہ ڈان میں 12 مئی کو شائع ہونیوالا بیان غلط، حقائق کے منافی اور گمراہ کن ہے، کمیٹی نے تمام الزامات کو سختی سے رد کر دیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں:ممبئی حملوں میں پاکستان میں متحرک غیر ریاستی عناصر کے اہلکار ملوث تھے :نواز شریف

 اجلاس کے شرکا کا کہنا تھا کہ ممبئی کیس کے التوا کا ذمہ دار پاکستان نہیں بھارت ہے، بھارت نے تفتیش کے دوران متعدد بار تعاون سے انکارکیا، مرکزی ملزم تک رسائی نہیں دی، اجمل قصاب کی عجلت میں پھانسی کیس مکمل نہ ہونےکا بڑا سبب بنی۔ کمیٹی کاکہنا تھا کہ پاکستان سمجھوتہ ایکسپریس اور کلبھوشن یادو کے معاملات پر بھارتی تعاون کا تاحال منتظر ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں:میاں صاحب نے جو کہا، ملک کے بہترین مفاد میں کہا: مریم نواز

یاد رہے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ایئر چیف مجاہد انور خان، نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی اجلاس میں شریک ہوئے۔

قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس عسکری قیادت کی تجویز پر بلایا گیا، اجلاس میں وفاقی وزرا، مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ، آئی ایس آئی، آئی بی کے سربراہان بھی موجود رہے۔ ذرائع کے مطابق، قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس دو گھنٹے جاری رہا، عسکری قیادت نے شدید تحفظات کا اظہار کیا اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو تحفظات سے آگاہ کیا۔