کوئٹہ میں دہشتگردوں کیساتھ جھڑپ میں شہید کرنل سہیل عابد کی نماز جنازہ ادا

Last Updated On 17 May,2018 08:44 pm

وہاڑی: (دنیا نیوز) وہاڑی میں شہید کرنل سہیل عابد عباسی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں اعلی فوجی حکام اور عزیز و اقارب نے شرکت کی، شہید کی تدفین راولپنڈی میں کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق شہید کرنل سہیل عابد کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں 91 ڈبلیو بی میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں اعلیٰ  فوجی حکام اور شہید کے عزیز و اقارب شریک ہوئے۔ اس موقع پر شہید کے ساتھی نے کہا جب تک عوام اور فوج شانہ بشانہ ہیں، فتح ہماری ہو گی۔

شہید کرنل سہیل عابد نے مادرِ وطن کی حفاظت کے لئے اپنی جان قربان کر دی۔ شہید کرنل کو کلی الماس میں خود کش بمباروں کی اطلاع ملی تو ساتھیوں سمیت انہیں جا لیا۔ گولیوں کی بوچھاڑ کرنل سہیل عابد اور ساتھیوں کی پیش قدمی نہ روک سکی۔

کرنل سہیل عابد نے ساتھیوں کے ہمراہ بے جگری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ آپریشن میں اے ٹی ایف کے شدید زخمی حوالدار ثناء اللہ بھی شہادت کے منصب پر فائز ہوئے۔ دورانِ آپریشن 2 افغانی خود کش بمبار 4 دہشتگردں سمیت مارے گئے۔

ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں کالعدم لشکر جھنگوی بلوچستان کا سرغنہ سلمان بادینی بھی شامل ہے۔ بادینی 100سے زائد ہزارہ کمیونٹی کے افراد اور پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث تھا جس کے سر کی قیمت 20 لاکھ مقرر تھی۔ آپریشن کے دوران ایک ہائی ویلیو ٹارگٹ دہشت گرد گرفتار بھی کیا گیا۔ کرنل سہیل عابد شہید کے پسماندگان میں بیوہ، 3 بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہے۔

بعد ازاں راولپنڈی شہید کرنل سہیل عابد کی نماز جنازہ آرمی قبرستان میں ادا کی گئی جس میں پاک فوج کے سپہ سالار آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ شریک ہوئے۔

نمازِ جنازہ میں اہل خانہ، عزیزوں، آرمی آفیسرز اور جوانوں نے بھی شرکت کی۔ کرنل سہیل عابد شہید کو بارہ کہو قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔