وادی کیلاش کی قدیم ثقافت کو محفوظ بنانے کے لیے منصوبے کا آغاز

Last Updated On 19 May,2018 09:20 pm

چترال: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے چترال کی وادی کیلاش کی قدیم ثقافت کو محفوظ بنانے کے لیے منصوبے کا آغاز کردیا، منصوبے پر 6 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔

چترال کی وادی کیلاش قدرتی حسن کے ساتھ ساتھ اپنی انوکھی روایات کے لیے بھی شہرت رکھتی ہے، خیبرپختونخوا حکومت نے اس قدیمی کلچر کو محفوظ کرنے کے لیے 6 کروڑ روپے مالیت کے منصوبے کا آغاز کیا ہے۔ جس میں بمبوریت، بریر اور رمبور وادیوں میں کیلاش کلچر کے تین قدیم گھروں کو خرید کر اصل حالت میں محفوظ کیا جائیگا۔

کیلاش قبیلے کے افراد کے لیے نئے قبرستان کی جگہ بھی خرید لی گئی ہے، وادی کیلاش کے لوگ صدیوں پرانی روایات کے تحت اپنے مردوں کو قبروں سے باہر ہی چھوڑ دیا کرتے تھے، جس کے آثار آج بھی دکھائی دیتے ہیں، روایات کے مطابق مرنے والوں کو ان کے لباس، خصوصا خواتین کو ان کے تمام تر زیورات سمیت لکڑی کی بنی قبر میں زمین کے اوپر ہی لٹا دیا جاتا تھا۔

سات سو سال قدیم کیلاش قبیلے کی ثقافت کے نشان تیزی سے ختم ہوتے جا رہے تھے، حکومتی منصوبہ اس انوکھے اور قدیم کلچر کو زندہ رکھنے میں خاص اہمیت کا حامل ہے۔ کیلاش کا شمار پاکستان ہی نہیں دنیا کی قدیم ترین ثقافتوں میں ہوتا ہے۔ حکومتی منصوبہ اس قدیم ثقافت کو محفوظ رکھنے میں معاون ثابت ہوگا۔