رکنِ پنجاب اسمبلی کنول نعمان نے اپنا استعفی واپس لے لیا

Last Updated On 23 May,2018 10:14 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پارٹی قیادت نے گلے شکوے دور کر دیئے، رکنِ پنجاب اسمبلی کنول نعمان نے اپنا استعفی واپس لے لیا۔

رکن پنجاب اسمبلی کنول نعمان نے پارٹی قیادت کی جانب سے شکایات کے ازالے کے بعد اپنا استعفیٰ واپس لے لیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کا حصہ ہی رہوں گی۔

یاد رہے کہ ایم پی اے کنول نعمان نے گزشتہ روز استعفیٰ دیدیا تھا۔ وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو بھیجے گئے استعفے میں انہوں نے لکھا تھا کہ میں استعفیٰ دے رہی ہوں، مہربانی فرما کر قبول کیجئے۔ آپ کی قیادت میں دس سال گزار دئیے۔ میری شکایت کہیں سے بھی نہیں ملے گی۔ میرا ضمیر مطمئن ہے، میں نے حقِ نمک ادا کر دیا ہے۔

انہوں نے وزیرِاعلیٰ پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جنابِ والا! میرے چند تحفظات ہیں، میرے مسائل کسی نے حل نہیں کئے جس کی وجہ سے میں بددل ہو گئی ہوں۔ آپ کے پاس بھی میرے لئے وقت تھا نہ ہے اور نہ ہو گا۔

کنول نعمان نے کہا کہ میں نے پارٹی آپ کی وجہ سے جوائن کی تھی کیونکہ آپ دردِ دل رکھنے والی شخصیت ہیں لیکن آپ نے پورے پاکستان کے لوگوں کے دکھ سنے اور ان کے مسئلے حل کئے لیکن میں فیض یاب نہ ہو سکی۔ استعفے کے آخر میں انہوں نے وزیرِاعلیٰ پنجاب سے معافی مانگتے ہوئے لکھا کہ کہا سنا معاف کر دیجئے گا۔