کراچی: (دنیا نیوز) فوزیہ قصوری نے پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کیساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سے کوئی ذاتی ناراضگی نہیں ہے ، پی ٹی آئی نے جن کرپٹ لوگوں کا احتساب کرا کے جیل بھیجنا تھا آج وہ ان کی سرپرستی کر کے اسمبلیوں میں بھیجنا چاہتی ہے ،
پاکستان تحریک انصاف کی سابق رہنما فوزیہ قصوری پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہو گئی ہیں۔ پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے فوزیہ قصوری کو اپنی جماعت میں خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ آج فوزیہ قصوری کی شمولیت سے ہمارے نظریے کی توثیق ہوئی ہے۔
اس موقع پر مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پی ایس پی دوسال میں پاکستان کی ابھرتی ہوئی جماعت بن گئی ہے، پاکستان کے مظلوم لوگ ہماری طرف دیکھ رہے ہیں، آج ہمارے 18 ایم پی ایزاور 4 ایم ایز ہیں، تمام اسمبلی ارکان اپنی پوزیشنیں چھوڑ کر پارٹی میں شامل ہوئے۔ مصطفیٰ کمال کا یہ بھی کہنا تھا کہ صرف الیکشن کے لیے جاگ مہاجر جاگ کے نعرے لگائے جا رہے ہیں، شہر میں پینے کےلیے صاف پانی نہیں ہے، کراچی میں 14 ،14 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے ، وزیراعلیٰ سندھ کارڈ اور ایم کیو ایم مہاجر کارڈ استعمال کر رہے ہیں، الیکشن سے پہلے پورے پاکستان میں نئے صوبے کے نعرے لگنے لگ جاتے ہیں، جو بھی تعصب کے جھنڈے کو لے کر چلے گا رسوائی اس کا مقدر ہو گی۔
اس موقع پر تحریک انصاف کی منحرف رہنما فوزیہ قصوری کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی اقتدار کی سیاست نہیں کی اور پورے خلوص کے ساتھ پی ٹی آئی کا ساتھ دیا اور گزشتہ روز پی ٹی آئی کو اپنے مقصد سے پھرنے کی وجہ سے چھوڑ دیا، آج سے میری فیملی پاک سرزمین ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز فوزیہ قصوری نے سوشل میڈیا کے ذریعے آگاہ کیا تھا کہ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کی رکنیت سے استعفیٰ پارٹی چیئرمین عمران خان اور دیگر پارٹی قائدین کو بھجوا دیا ہے۔
تحریک انصاف کی رہنما فوزیہ قصوری نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا۔ فوزیہ قصوری نے اپنے استعفے میں لکھا تھا کہ 2013 کے بعد پارٹی اپنے راستے سے ہٹ گئی ہے اور پارٹی کے لیے قربانی دینے والوں کو نظر انداز کیا گیا۔ان کا اپنے استعفے میں مزید کہنا تھا کہ موجودہ صورت حال میں میرے لیے پارٹی کے حالیہ فیصلوں کا دفاع ممکن نہیں ہے۔