نگران وزیرِاعظم: چودھری نثار نے تصدق جیلانی کو فیورٹ قرار دیدیا

Last Updated On 25 May,2018 08:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیر داخلہ چودھری نثار نے امکان ظاہر کیا ہے کہ تصدق حسین جیلانی نگران وزیرِاعظم ہو سکتے ہیں۔ عمران خان کے وزیراعظم بننے یا نہ بننے کا سوال ٹال دیا۔ کہتے ہیں مسلم لیگ ن کے 95 فیصد ایم این اے میرے ہم خیال ہیں۔

چودھری نثار کا تحریکِ انصاف میں جانے والوں کی جیت پر شبے کا اظہار، سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کو نگران وزیرِاعظم کیلئے پہلی ترجیح قرار دیدیا۔ ن لیگ کے 95 فیصد ایم این اے اپنے ہم خیال ہونے کا دعویٰ، چار حلقوں سے الیکشن لڑنے کا اعلان بھی کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیرِ داخلہ چودھری نثار نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ نگران وزیرِاعظم کیلئے پہلی ترجیح تصدق حسین جیلانی نظر آ رہے ہیں۔ کوئی شک نہیں رہا کہ معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جائے گا۔

عمران خان کے آئندہ وزیرِاعظم بننے کے سوال پر چودھری نثار نے جواب دیا یہی سوال میرا آپ سے ہے، ضروری نہیں کہ تحریکِ انصاف میں شامل ہونے والے انتخابات میں کامیاب ہوں، ہر سیاسی جماعت کے اپنے اپنے الیکٹ ایبل ہوتے ہیں۔

چودھری نثار نے بتایا آئندہ عام انتخابات میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے دو دو حلقوں سے الیکشن لڑوں گا۔ انہوں نے کہا 95 فیصد ایم این اے میرے ہم خیال تھے لیکن کوئی موقف کو عملی جامہ پہنانے والا بھی تو ہو۔