ناصر خان کھوسہ نگران وزیرِاعلیٰ پنجاب نامزد

Last Updated On 28 May,2018 08:04 pm

لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف اور محمود الرشید کی طویل مشاورت کامیاب ہو گئی۔ ناصر خان کھوسہ کو پنجاب کا نگران وزیرِاعلیٰ نامزد کر دیا گیا۔

نئے نامزد کردہ وزیرِاعلیٰ پنجاب ناصر خان کھوسہ نے امریکا سے پبلک ایڈمنسٹریشن کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ ان کا تعلق چھٹے کامن سے ہے۔ ماضی میں وہ کئی اہم عہدوں پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔

ناصر خان کھوسہ سابق چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل سیکرٹری ٹو پی ایم اور چیف سیکرٹری بلوچستان کےعہدوں پر کام کر چکے ہیں۔ وہ ورلڈ بینک میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر رہ چکے ہیں جبکہ پنجاب آنے سے قبل وہ ایڈیشنل سیکریٹری وزیرِاعظم سیکریٹریٹ تھے۔

وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے دور میں ناصر خان کھوسہ ایڈیشنل سیکرٹری فنانس، کمشنر ملتان اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد رہے۔ آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں بھی ناصر خان کھوسہ شامل تھے۔

ناصر خان کھوسہ کے ایک بھائی جسٹس آصف سعید کھوسہ سپریم کورٹ کے جج ہیں، دوسرے بھائی طارق کھوسہ آئی جی بلوچستان اور ڈی جی ایف آئی اے رہ چکے ہیں۔