100 دن کا پلان پیش کرنیوالوں نے 5 سال صرف باتیں کی: وزیر اعظم

Last Updated On 29 May,2018 10:51 am

حویلیاں: (دنیا نیوز) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ 100 دن کا پلان پیش کرنے والوں نے 5 سال صرف باتیں کیِ، رکاوٹیں ڈالتے رہے، دھرنے دیتے رہے، الیکشن میں عوام جو فیصلہ کریں گے قبول ہوگا۔

شاہد خاقان عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا مجھے نظر نہیں آتا کہ لوگ دھرنے دینے والوں کو ووٹ دیں گے، ووٹ صرف خدمت، ترقی اور شرافت کی سیاست کو ملے گا، یہ سیاست صرف مسلم لیگ ن اور نواز شریف کی ہے۔ انہوں نے کہا عوامی فیصلے کے مطابق ہی حکومت آئے گی، ہماری کوشش رہی کہ حکومت مدت پوری کرے۔ ان کا کہنا تھا وقت دور نہیں جب عوام خنجراب سے گوادر تک موٹروے پر سفر کر سکیں گے، پاکستان کی تاریخ میں اتنے ہائی وے منصوبے نہیں بنے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا خوشی ہے نواز شریف نے جو وعدے کیے اس کو پورا کر رہے ہیں، نومبر تک موٹروے مکمل ہو جائے گا، حویلیاں موٹروے کوئی چھوٹا منصوبہ نہیں ہے، منصوبے کی پی سی ون لاگت 142 ارب روپے ہے۔ انہوں نے کہا ن لیگ حکومت نے بجلی، گیس اور یونیورسٹی کے منصوبے مکمل کیے، یہ فرق ہے موجودہ اور پچھلی حکومتوں میں، جولائی میں خیال رکھنا، ملک میں 10 سال آمریت رہی اس کے بعد جمہوری دور آیا۔