لاہور: (دنیا نیوز) اصغر خان عمل درآمد کیس میں چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کے پیش نہ ہونے برہمی کا اظہار کر دیا۔ عدالت نے اٹارنی جنرل پاکستان اشتر اوصاف کو کل طلب کر لیا۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اصغر عمل درآمد کیس کی سماعت ہوئی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ کابینہ نے مثبت فیصلہ کرلیا ہے، اٹارنی جنرل پیش ہو کر عدالت کو آگاہ کریں گے۔ چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کے پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا اتنا اہم کیس لگا لیکن اٹارنی جنرل کو فکر نہیں، یہ کارکردگی ہے اٹارنی جنرل آفس کی۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ کابینہ نے اصغر خان کیس عمل درآمد کے معاملہ پر کوئی فیصلہ نہیں کیا، ایک سب کمیٹی بنا کر حکومت بھاگ گئی، کئی سالوں سے اصغر خان کیس پڑا ہے کیا کابینہ کا یہ کام ہوتا ہے۔