'کتاب کے پیچھے رائیونڈ نیٹ ورک، حسین حقانی کے ذریعے آپریٹ کیا گیا'

Last Updated On 05 June,2018 11:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) فواد چوہدری کا کہنا ہے ریحام خان کی کتاب قبل از وقت دھاندلی ہے، الیکشن کمیشن نوٹس لے، ایسی کتاب پر پابندی لگا دینی چاہئے، اس پوری اسکیم کے ییچھے رائے ونڈ نظر آتا ہے۔

ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا یہ نیٹ ورک اصل میں رائیونڈ نیٹ ورک ہے، حسین حقانی بھی شامل ہیں، ایف آئی اے سائبر ونگ اس معاملے کی تحقیقات کرے، ریحام خان 24 گھنٹے میں کتاب کے مواد کی تردید کرے۔ انہوں نے کہا کتاب میں جو باتیں کی گئیں اس پر قانونی کارروائی ہو سکتی ہے، کتاب میں جو باتیں ہیں وہ اُن پر فوجداری پرچے ہونے ہیں، ریحام خان کو پاکستان، خاندانی نظام، کسی کی پرواہ نہیں۔

فواد چودھری کا کہنا تھا ریحام خان کی پست ذہنیت کا اندازہ کتاب سے ہوتا ہے، رائے ونڈ مافیا پہلے پی ٹی آئی خواتین اب عمران خان پر حملے کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا پوری کابینہ چلی گئی مگر ماروی میمن کہتی ہیں، میں نہیں جاؤں گی، وہ 10ارب روپے پر بیٹھی ہیں۔ ان کا کہنا تھا الیکشن کمیشن کوئی ایکشن نہیں لے رہا، اب تو الیکشن کمیشن کو آفس جا کر جنجھوڑنے والی بات ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کل الیکشن لڑنے والے تمام امیدواروں کا اعلان کر دینگے، نامزدگی فارمز میں تبدیلی چوروں، ڈاکوؤں کو بچانے کیلئے کی گئی، ہمارے ترمیمی بل کو نون لیگ اور پی پی نے ملکر رد کیا۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی نامزدگی فارم میں تبدیلی کرنے والی کمیٹی میں نہیں تھی، الیکشن کمیشن امیدواروں کیلئے ایڈیشنل فارم پرنٹ کرائے، ایڈیشنل فارم پر وہ تمام معلومات لی جائیں جو نامزدگی فارم سے نکالی گئیں۔