عیدالفطر پر بارش ہو گی یا نہیں؟

Last Updated On 05 June,2018 04:48 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں رواں ہفتے کے اختتام پر یا اگلے ہفتے کے شروع میں بارش ہونے کی خوشخبری سنائی ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے ہفتے کے شروع میں عید سے قبل بارش ہو سکتی ہے تاہم بارش کا سلسلہ عید سے قبل رک جائیگا اور عید پر بھی موسم خشک رہے گا جبکہ پری مون سون سیزن عید سے ایک ہفتے بعد شروع ہونے کا امکان ہے۔

اس ضمن میں رواں ہفتہ کو ملک کے بیشتر علاقوں، پنجاب کے نیم پہاڑی علاقوں، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ جبکہ اندرون سندھ، جنوبی، وسطی پنجاب اور مشرقی بلوچستان میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے اور پنجاب کے بالائی علاقوں میں تیز ہوائیں اور لو چلنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے کے اختتام یا اگلے ہفتے کے شروع میں بارانِ رحمت کے نزول سے گرمی کا زور ٹوٹ جائیگا۔