چیئرمین نیب کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

Last Updated On 06 June,2018 06:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر لی گئی ہے۔

دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر لی گئی ہے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار اپنے چیمبر میں (ن) لیگ کے رہنما نور اعوان کی اپیل پر سماعت کرینگے۔

یاد رہے کہ نور اعوان نے بھارت منی لانڈرنگ کے معاملے پر چیئرمین نیب کیخلاف اپیل دائر کی تھی جسے رجسٹرار آفس نے اعتراضات لگا کر واپس کر دیا تھا۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ نواز شریف سے متعلق نیب کی جھوٹی خبر سے ان کی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔ جسٹس (ر) جاوید اقبال کے چیئرمین ہوتے نیب غیر جانبداری سے کام نہیں کر سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: چیئرمین نیب کو عہدے سے ہٹایا جائے، سپریم کورٹ میں درخواست دائر

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نور اعوان کی جانب سے دائر درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ نیب اعلامیہ اور بعد کے واقعات چیئرمین نیب کی نواز شریف سے متعلق منفی سوچ کے عکاس ہیں۔ انہیں عہدے سے ہٹانا ناگزیز ہے۔

درخواست گزار نے کہا کہ سیاستدانوں کی ایک دوسرے پر الزام تراشی میں نیب کو آلہ کار نہیں بننا چاہیے۔ 21 ستمبر 2016ء کو سٹیٹ بینک 4 ارب 90 کروڑ ڈالر بھارت بھیجنے سے متعلق خبر کی تردید کر چکا ہے۔ جھوٹی پریس ریلیز جاری کرنے پر نیب نواز شریف سے معافی مانگے۔

 

Advertisement