جہانگیر ترین کی سکندر بوسن سے خفیہ ملاقات، معاملات طے

Last Updated On 11 June,2018 09:41 am

ملتان: (روزنامہ دنیا) تحریک انصاف نے ملتان کے قومی حلقہ این اے 154 کا مکمل اختیار سابق وفاقی وزیر سکندر بوسن کو دے دیا۔ پی پی 211 اور پی پی 212 کے ٹکٹ کا فیصلہ بھی سکندر بوسن کریں گے۔ تحریک انصاف نے حلقے میں ہو نے والے سروے کی رپو رٹ کے بعد سکندر بو سن کو فائنل کر لیا۔ عمران خان کی عمرہ سے واپسی پر پارٹی میں باقاعدہ شمولیت جبکہ ٹکٹ عید کے بعد دیئے جائیں گے۔

گزشتہ روز ملتان میں مر کزی رہنما جہانگیر خان ترین سے خفیہ ملاقات بھی کی۔ ملاقات میں تمام معاملات طے پاگئے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے ن لیگ کے رہنما و سابق وفاقی وزیر سکندر بوسن کو ملتان کے قومی حلقہ این اے 154 اور اس میں شامل صوبائی حلقوں پی پی 211 اور 212 کا مکمل اختیار دے دیا ہے۔ عمران خان کی عمرہ سے واپسی پر پا رٹی میں شمولیت اور ٹکٹ حاصل کریں گے۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین اپنے صا حبزادے علی خان ترین کے ہمراہ گزشتہ روز مختصر وقت کے لئے ملتان پہنچے۔

ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین نے ملتان میں آدھا گھنٹہ قیام کیا جس میں جہانگیر ترین نے سکندر بوسن اور ان کے بھائی سے آفیسرز کالونی میں واقع رہائش گاہ پر ملاقات کی، خفیہ ملا قات میں جہانگیر ترین، سکندر بوسن اورشوکت بوسن شامل تھے۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے سکندر بوسن کو شامل کرنے اور ٹکٹ جاری کرنے سے پہلے این اے 154 میں باقاعدہ سروے کرایا گیا۔ جس میں پی ٹی آئی کی جانب سے ہائر کردہ 10 سے زائد افراد شامل تھے۔ ان کی رپو رٹ کے مطابق ملتان کے قومی حلقہ این اے 154 میں سکندر بوسن پی ٹی آئی کے دیگر امیدواروں سے مضبوط پوزیشن میں ہیں۔ جن کی رپو رٹ کے بعد سکندر بوسن کو حتمی طور پر فائنل کرنے کے ساتھ ساتھ صوبائی حلقوں کے بھی اختیارات دے دیئے گئے ہیں۔

بوسن خاندان ذرائع کے مطابق حلقہ این اے 154 اور پی پی 211 سے سکندر بوسن خود امیدوار ہوں گے جبکہ حلقہ 212 سے ان کے بھائی شوکت بوسن پی ٹی آئی کے امیدوار ہوں گے۔ سکندر بوسن کو تحریک انصاف کی ٹکٹ کنفرم ہو نے کی اطلاع پی ٹی آئی کے دیگر امیدواروں کو ہو چکی ہے جو آئندہ کا لائحہ عمل بنانے میں مصروف ہیں۔
 

Advertisement