پرویز مشرف آل پاکستان مسلم لیگ کی صدارت سے مستعفی

Last Updated On 22 June,2018 01:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق صدر پرویز مشرف نے آل پاکستان مسلم لیگ کی صدارت سے استعفیٰ دے دیا۔ الیکشن کمیشن نے پارٹی صدارت سے نام ہٹانے کی ہدایت کر دی، ڈاکٹر امجد کو عبوری چیئرمین مقرر کر دیا گیا۔

 ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف آل پاکستان مسلم لیگ کی صدارت سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا ہے، الیکشن کمیشن نے پرویز مشرف کا نام پارٹی صدارت سے ہٹانے کی ہدایت کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق پرویز مشرف کی نااہلی آل پاکستان مسلم لیگ کی الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن میں رکاوٹ تھی، اب رجسٹریشن کیلئے پارٹی کو نئے سربراہ منتخب کرنا ہو گا۔

یہ خبر بھی پڑھیں:فوری وطن واپسی ملتوی کر دی، فوج پر دباؤ بڑھے گا: پرویز مشرف

ترجمان آل پاکستان مسلم لیگ نے پرویز مشرف کے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ 18 جون کو ہونے والے پارٹی اجلاس میں کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر امجد کو پارٹی کا عبوری چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جو پرویز مشرف کی بحالی تک تمام پارٹی امور کی نگرانی کریں گے۔

یاد رہے سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کو وطن واپسی کا حکم دیا تھا۔ چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے پرویز مشرف کو کس بات کا تحفظ چاہیے، اتنا بڑا کمانڈو خوف کیسے کھا گیا، اتنا بڑا ملک ٹیک اوور کرتے وقت خوف نہیں آیا۔ عدالت نے باور کرایا کہ پرویز مشرف واپس نہ آئے تو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال نہیں ہونے دیں گے۔