سینیٹر شپ سے نااہلی کا معاملہ: اسحاق ڈار کی نئی میڈیکل رپورٹ جمع

Last Updated On 25 June,2018 12:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ میں سینیٹ الیکشن نااہلی کیس میں اسحاق ڈار کی نئی میڈیکل رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی گئی، ڈاکٹرنے مزید 8 ہفتے فیزیوتھراپی جاری رکھنے کا مشورہ دے دیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فیزیوتھراپی سے اسحاق ڈار کے عارضے میں 10 سے 15 فیصد بہتری آئی ہے، تاحال اسحاق ڈار کے بازوں میں تکلیف ہے، اسحاق ڈار کی گردن کی حرکت بھی محدود ہے، گردن میں تکلیف سے اسحاق ڈار بے سکونی محسوس کرتے ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مناسب ہوگا کہ اسحاق ڈار کی فیزیوتھراپی کو مزید 8 ہفتے جاری رکھا جائے، 8 ہفتوں کی فیزیوتھراپی معقول فیصلہ ہوگا، 2 ماہ بعد اسحاق ڈار کا نیا ایم آر آئی کرایا جائے گا، اسحاق ڈار کے عارضے میں بہتری نہ آئی تو سرجری کا آپشن دوبارہ زیر بحث لایا جائے گا۔ اسحاق ڈار کی میڈیکل رپورٹ نیوروسرجن رچرڈگلان کی تیار کردہ ہے جس پر 8 جون 2018 کی تاریخ درج ہے۔

اُدھر لندن کی سڑکوں پر اسحاق ڈار چہل قدمی کرتے دکھائی دئیے، ہر بار میڈیا کو چکمہ دے کر چپکے سے نکلنے والے سابق وزیرخزانہ کو آخر کار کیمروں نے پکڑ ہی لیا۔ صحافیوں نے جاتے جاتے روکا، سوالات کی بوچھاڑ کی لیکن اسحاق ڈار تسلی بخش جواب دیئے بغیر جان چھڑا کر نکل گئے۔