صاف پانی سکینڈل، شہباز شریف کی نیب میں پھر طلبی

Last Updated On 26 June,2018 05:52 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو نے صاف پانی سکینڈل کیس میں سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو دوبارہ طلب کر لیا ہے۔

دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے صاف پانی سکینڈل کیس میں پنجاب کے سابق وزیرِاعلیٰ میاں شہباز شریف کو 5 جولائی کو دوبارہ طلب کر لیا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی نیب کی جانب سے شہباز شریف کو طلب کیا گیا تھا لیکن وہ پیش نہ ہوئے۔

نیب نے شہباز شریف کو ان کے وزارتِ عظمیٰ کے دور میں 17 نکات پر مشتمل نوٹس بھجوایا تھا جس میں ان پر مبینہ طورپر لگنے والے الزامات کی تفصیلات درج تھیں۔ روزنامہ دنیا کو موصول لیٹر کے مطابق شہباز شریف سے کہا گیا تھا کہ آپ کے پاس کوئی اختیار نہیں تھا کہ صاف پانی کی فراہمی کے مستقل حل کے بغیر صاف پانی کمپنی قائم کرتے جبکہ پنجاب ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی شکل میں آپ کے پاس تجربہ کار میکنزم موجود تھا۔

یہ بھی پڑھیں: صاف پانی کمپنی سکینڈل: شہباز شریف 25 جون کو ایک بار پھر طلب

خط میں کہا گیا تھا کہ آپ نے کسی بھی سفارشات اور پراجیکٹ سٹڈی کے بغیر صاف پانی کمپنی قائم کرنے کا حکم دیا جبکہ صاف پانی کی فراہمی کے دیگر امکانات اور آپشن کو نظر انداز کیا گیا۔

ادھر مبینہ کرپشن کیسز میں نیب کی جانب سے طلبیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ نیب حکام نے فواد حسن فواد کو آشیانہ اقبال منصوبے میں مبینہ کرپشن پر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے جبکہ ناراض لیگی رہنما زعیم قادری کو صاف پانی کمپنی میں مبینہ کرپشن کیس میں کل 27 جون کو طلب کیا گیا ہے۔

دوسری جانب لیگی امیدواروں کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے نیب نے سابق لیگی ایم این اے اظہر قیوم اور مدثر قیوم کو 29 جون کو پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ دونوں بھائیوں پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔ واضح رہے کہ اظہر قیوم اور ان کے بھائی مدثر قیوم ن لیگ کی جانب سے عام انتخابات 2018ء میں امیدوار ہیں۔