سپریم کورٹ: عطاءالحق قاسمی کی چیئرمین پی ٹی وی تقرری پر فیصلہ محفوظ

Last Updated On 05 July,2018 06:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے عطاءالحق قاسمی کی بطور چیئرمین پی ٹی وی تقرری پر فیصلہ محفوظ کرلیا، ایم ڈی کے طور پر بھی بھاری تنخواہ اور مراعات کے معاملے پر آئندہ سماعت 9 جولائی کو ہو گی۔

سپریم کورٹ میں ایم ڈی پی ٹی وی تقرری کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا اسحاق ڈار وہاں پر صحت مند پھر رہے ہیں، انہیں 9 جولائی کو آنا پڑے گا، دیکھتے ہیں وہ کیسے آنے سے گریز کرتے ہیں۔ عطاءالحق قاسمی کو تنخواہ اور مراعات کا معاملہ بہت ہی سنجیدگی سے نیب کو بھیجنے کا سوچ رہے ہیں۔ پرویز رشید کے وکیل نے بتایا قاسمی کو تنخواہ اور مراعات کی منظوری وزیراعظم نے دی۔ چیف جسٹس نے کہا پھر جتنی لاقانونیت ہوئی سب اس میں اپنا حصہ ڈالیں۔

سابق وزیراطلاعت عدالت کےحکم پر پیش ہوئے تو چیف جسٹس نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا پرویز رشید صاحب! آپ ہمارےلیڈر ہیں، لیڈرکو ادراک ہونا چاہئیے کہ یہ قوم کا پیسہ ہے، آپ کے پاس لامحدود اختیارات نہیں تھے، قاسمی کو اتنی بھاری تنخواہ اور مراعات کیسے دیں۔ پرویز رشید نےجواب دیا قاسمی کی تقرری اداروں کی رائے لے کر کی۔ چیف جسٹس نے کہا اگر سربراہ کی خواہش پر تقرری ہو تو ادارہ کیسے انکار کر سکتا ہے۔