نیب فیصلے پر تنقید کرنیوالے اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کریں، وزیرِ اطلاعات

Last Updated On 08 July,2018 06:07 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرِ اطلاعات علی ظفر نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے سے الیکشن کے انعقاد پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، نیب فیصلے پر کسی کو اعتراض ہے تو اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرے۔ فیصلے پر عملدرآمد کے لئے حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔

لاہور پریس کلب میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ اطلاعات و قانون علی ظفر نے کہا کہ ایف آئی اے تحقیقاتی ادارہ ہے، حکومت کو ان کے کام میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے، قانون سب کے لئے برابر ہے، مجرموں کی گرفتاری میں نیب کو تعاون فراہم کریں گے۔

علی ظفر نے کہا کہ عدالتیں آئین اور قانون کے تحت کام کر رہی ہیں، عدالتی فیصلے سے الیکشن کے انعقاد پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، الیکشن بروقت اور غیر جانبدار ہوں گے۔

ملک میں پانی کے بحران کے حوالے سے علی ظفر کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس پانی موجود ہے لیکن اس ہیرے کو ضائع کر رہے ہیں، دنیا کے دوسرے ممالک 20 سے 25 فیصد رقوم پانی کے منصوبوں پر خرچ کرتے ہیں، پاکستان میں پانی پر خرچ صرف 5 سے 7 فیصد ہے۔