سپریم کورٹ نے طلال چودھری توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا

Last Updated On 11 July,2018 08:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے طلال چودھری توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔ عدالت نے فیصلے والے دن طلال چودھری کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔

سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے طلال چوہدری توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔ وکیل استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ طلال چودھری نے اپنے بیانات سے کبھی انکار نہیں کیا، آرٹیکل 19 توہین آمیز تقاریر کی اجازت نہیں دیتا۔ جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے طلال چودھری نے کبھی معافی نہیں مانگی، طلال چودھری کا مقدمہ عدالتی تحمل کا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں:دانیال عزیز توہین عدالت کے مرتکب قرار

یاد رہے سپریم کورٹ نے اس سے قبل دانیال عزیز کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دیا اور کہا کہ دانیال عزیز نے ججز اور عدلیہ کی تضحیک کی، ان پر توہین عدالت کے 3 میں سے 2 الزامات ثابت ہوئے، انہیں توہین عدالت کا مرتکب قرار دیا جاتا ہے، دانیال عزیز کو تا برخاست عدالت سزا سنائی گئی جو انہوں نے چند سیکنڈ میں مکمل کر لی۔