لیگی کارکن بے قابو، شہر شہر پولیس سے جھڑپیں اور پتھراؤ

Last Updated On 13 July,2018 10:54 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت کئی شہروں میں پولیس اور لیگی کارکن آمنے سامنے آ گئے، راوی پل چوک پر پتھراؤ اور شیلنگ سے علاقہ میدان جنگ بنا رہا۔

سابق وزیرِاعظم نواز شریف اور مریم نواز کے استقبال کیلئے آنے والے متوالوں کی کئی مقامات پر پولیس سےآنکھ مچولی، پتھراؤ اور شیلنگ، شاہدرہ راوی پل کے قریب متوالوں اور پولیس میں جھڑپیں، پتھراؤ کے جواب میں آنسو گیس کی شیلنگ، علاقہ میدان جنگ بنا رہا، کئی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔

لیگی قافلے میں شامل ایک گاڑی کے ساتھ لٹکا کارکن تیز رفتاری کے باعث گر گیا تاہم خوش قسمتی سے محفوظ رہا، بے خبر رہنما گاڑی بھگا کر چلتے بنے۔

لاہور میں پرجوش کارکنوں نے ریگل چوک پر لگایا گیا کنٹینر ہٹا کر سڑک کھول دی اور پولیس کی گاڑی پر چڑھ کر نعرہ بازی بھی کرتے رہے، سکیم موڑ پر مشتعل کارکنوں نے پولیس کی گاڑی توڑ ڈالی۔ بھٹہ چوک، ٹھوکر نیاز بیگ اور بابو صابو انٹرچینج پر بھی تصادم ہوا۔

گجرات میں چناب پل پر بھی پولیس اور متوالے آمنے سامنے آ گئے، قافلہ روکنے پر لیگی کارکنوں نے پتھراؤ شروع کر دیا جس سے ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔

فیصل آباد سے آنے والے عابد شیر علی کے قافلے کو شیخوپورہ میں پولیس نے روک لیا۔ لیگی کارکنوں اور پولیس میں ہاتھا پائی ہوئی جس کے بعد پولیس نے لاٹھی چارج بھی کیا۔

ساہیوال میں بھی پولیس اور متوالے بھڑ گئے، ہاتھا پائی اور لاٹھی چارج کے دوان سابق ایم این اے طفیل جٹ کا سر پھٹ گیا۔