دہشتگردی کے واقعات: نگران وزیراعظم کا کل ایک روزہ سوگ کا اعلان

Last Updated On 14 July,2018 03:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم ناصر الملک نے سانحہ مستونگ اور بنوں کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے کل ملک بھر میں ایک روزہ یوم سوگ کا اعلان کر دیا۔ ناصرالمالک کا کہنا ہے کل ملک بھرمیں یوم سوگ منایا جائے گا۔

دوسری جانب حکومت بلوچستان کی جانب سے 2 روزہ جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی نے اپنے امیدوار نوابزادہ سراج رئیسانی کی شہادت پر 3 روزہ سوگ اور پارٹی کا آج ہونے والا جلسہ منسوخ کر دیا۔ تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے بھی 17 جولائی کو کوئٹہ میں ہونے والا جلسہ منسوخ کر دیا ہے۔

سانحہ مستونگ کے بعد شہر کی فضاء سوگ وار ہے، دکانیں، بازار اور سرکاری دفاتر بند ہیں۔ سانحے میں جاں بحق ہونیوالوں کے گھر تعزیت کرنیوالوں کا تانتا بندھا ہے، فاتحہ خوانی کی جا رہی ہے، ہر کوئی اپنے پیاروں کے بچھڑنے پر غم زدہ ہے۔ دھماکے کے بیشتر زخمی مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

حکومت بلوچستان کا سانحہ مستونگ پر 2 روزہ سوگ کا اعلان

سانحہ کے خلاف کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں وکلاء کا احتجاج ہے اور عدالتوں میں مکمل بائیکاٹ کیا جا رہا ہے، مستونگ واقعہ کے بعد کوئٹہ اور مستونگ شہر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی، شہداء کی تدفین آبائی علاقوں میں جاری ہے۔

گذشتہ روز مستونگ کے علاقے درین گڑھ میں بلوچستان عوامی پارٹی کی کارنر میٹنگ خود کش دھماکا ہوا، دھماکا اس وقت کیا گیا جب پی بی 35 سے بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار اور سابق وزیراعلیٰ نواب اسلم رئیسانی کے بھائی سراج رئیسانی خطاب کیلئےآئے۔

دھماکے میں سراج رئیسانی سمیت اسٹیج پر اور اردگر موجود کئی کارکن موقع پر جاں بحق ہوئے، حملے میں 131 افراد شہید جبکہ 150 سے زائد زخمی ہوئے۔ دھماکے کے بعد سکیورٹی اداروں نے جائے وقوعہ کو سیل کر دیا اور شواہد جمع کئے۔