ایک لٹر پٹرول پر 33 روپے 37 پیسے، ڈیزل پر 46 روپے ٹیکس وصولی

Last Updated On 17 July,2018 01:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی گئی۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ پٹرول پر 33 روپے 37 پیسے جبکہ ڈیزل پر 46 روپے فی لٹر ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پیٹرول کی درآمدی قیمت 61.87 روپے جبکہ ڈیزل کی درآمدی قیمت 67 روپے ہے، پیٹرول پر کسٹم ڈیوٹی 3.15 روپے، جی ایس ٹی 10.20 روپے ہے۔

سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ پیٹرول پر 10 روپے لیوی، 2.64 روپے آئل کمپنی مارجن ہے، 3.47 روپے ڈیلر مارجن، ان لینڈ فریٹ مارجن 3.91 روپے ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ڈیزل کی درآمدی قیمت 67 روپے ہے، اس پر کسٹم ڈیوٹی 8.89 روپے، لیوی 8 روپے، آئل مارکیٹنگ کمپنی مارجن 2.64 روپے ہے۔ ڈیزل پر ڈیلر مارجن 2.93، جی ایس ٹی 21.86 روپے وصول کی جاتی ہے جبکہ ڈیزل پر ان لینڈ فریٹ مارجن 1.55 روپے وصول کیا جا رہا ہے۔