راولپنڈی: (دنیا نیوز) اڈیالہ جیل میں نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سے ان کی قانونی ٹیم نے ملاقات کی۔ شریف فیملی کے وکیل امجد پرویز کا کہنا ہے نواز شریف پر عزم اور مضبوط ہیں، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر جیل میں اضافی سہولیات نہیں لینا چاہتے۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں ملاقات کے بعد جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وکیل امجد پرویز نے بتایا کہ نواز شریف پرعزم اور مضبوط ہیں۔ انہوں نے کہا عدالت اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیرسماعت مقدمات پر تفصیلی بات ہوئی۔
امجد پرویز نے کہا نواز شریف سمجھتے ہیں کہ انہیں بطور سابق وزیراعظم جو سہولیات ملنی چاہیے تھیں وہ نہیں ملیں۔ ان کا کہنا تھا کیپٹن ریٹائرڈ صفدر دل کے مریض ہیں اس حوالے سے میڈیکل ریکارڈ موجود ہے، اس کے باوجود وہ جیل مینوئل سے ہٹ کر غیرمعمولی طبی سہولیات نہیں لینا چاہتے، مریم نواز نے بھی اضافی سہولیات لینے سے انکار کر دیا ہے۔
ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی طعبیت خراب ہونے پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال سے ڈاکٹروں کی ٹیم نے جیل پہنچ کر کیپٹن (ر) صفدر کا طبی معائنہ کیا۔ ذرائع کے مطابق کیپٹن (ر) صفدر کو گلے اور کان کے انفیکشن کی دوائیں تجویز کی گئی ہیں۔ انہیں ڈاکٹر نے پرہیز کی بھی ہدایت کی، ذرائع کے مطابق کیپٹن (ر) صفدر کا علاج جیل میں ہی کیا جائے گا۔