پولنگ ڈے پر بارش کا قوی امکان، افسران اور عملے کو الرٹ جاری

Last Updated On 23 July,2018 01:19 pm

لاہور: ( روزنامہ دنیا) پولنگ ڈے پر صوبائی دارالحکومت لاہور میں بارش کی پیشگوئی کر دی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں شروع ہونیوالی بارش 26 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

ایم ڈی واسا نے افسران اور عملے کو الرٹ کر دیا، بارش سے 25 جولائی کو پولنگ کا عمل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز کا کہنا ہے کہ 22 سے 26 جولائی تک تیز بارش ہوگی۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے شدید اور موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کے بعد محکمہ بلدیات نے تمام ضلعی اور ڈویژنل انتظامیہ کو خطوط ارسال کر دئیے ہیں، جس میں انہیں کہا گیا ہے کہ الیکشن والے دن شہر میں ہونے والی بارش سے نمٹنے کیلئے فوری طور پر ہنگامی اقدامات کئے جائیں۔

ادھر صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ صبح سے شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو شام تک جاری رہا ،جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ۔بارش سے شہر کے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔

دریں اثنا ڈیرہ اسماعیل خان شہر اور مضافاتی علاقوں میں شدید آندھی و بارش سے کئی مکانوں کی چھتیں اڑ گئیں، سائن بورڈز ودرخت گرگئے، انڈس کالونی میں چنگ چی ڈرائیورکے گھر کی چھت گرنے سے بیوی، بچہ اور ایک راہگیر بچی زخمی ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالا، سرگودھا ڈویژن میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، مالا کنڈ، ہزارہ، مردان، کوہاٹ اور ژوب ڈویژن میں بھی کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔