مال روڈ کی بحالی کیلئے تاجربرادری اور ضلعی حکومت کو ایم او یو سائن کرنے کا حکم

Last Updated On 01 August,2018 12:42 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے مال روڈ کو اصل حالت میں بحال کرنے کے کیس میں تاجربرادری اور ضلعی حکومت کو ایم او یو سائن کرنے کا حکم دیدیا۔

جسٹس علی اکبر قریشی نے لاہور ہائیکورٹ میں مال روڈ کو اصل حالت میں بحال کرنے سے متعلق کیس پر سماعت کی۔ مئیر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ مال روڈ سے تمام غیرقانونی سائن بورڈ اتار دئیے گئے ہیں، مال روڈ کو اصل حالت میں بحال کرنے کیلئے چیف سیکرٹری نے اجلاس میں منظوری دیدی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مال روڈ پر مجموعی طور پر 92 تاریخی عمارتیں ہیں، 92 میں سے 12عمارتیں سرکاری اور80 عمارتیں پرائیویٹ مالکان کے پاس ہیں۔

مال روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن نے مال روڈ کو اصل حالت میں بحال کرنے کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔ جسٹس علی اکبر قریشی نے تاجربرادری اور ضلعی گورنمنٹ کو ایم او یو سائن کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایم او یو سائن کرکے تاریخی عمارتوں کو فوری بحال کرنے کیلئے کام شروع کیاجائے۔