پینتیس ارب کی منی لانڈرنگ کا معاملہ، زرداری اور فریال تالپور دوبارہ طلب

Last Updated On 01 August,2018 07:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے 35 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے معاملے پر سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کیلئے دوبارہ طلب کر لیا ہے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے 35 ارب کی منی لانڈرنگ کے معاملے پر سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو دوبارہ طلب کر لیا گیا ہے۔ دونوں رہنماؤں کو جوائنٹ انویسٹی گیشن (جے آئی ٹی) کے سامنے پیش ہونے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

 ایف آئی اے پہلے بھی دونوں رہنماؤں کو دو مرتبہ طلب کر چکی ہے لیکن آصف زرداری اور فریال تالپور کی جگہ ان کے وکیل پیش ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے علاوہ انور مجید، عبدالغنی مجید، اسلم مسعود، محمد عارف خان، عدیل شاہ راشدی، ناصر عبداللہ حسین لوتھا، محمد اشرف، عدنان جاوید، محمد عمیر، محمد اقبال آرائیں، قاسم علی، شہزاد علی اور اعظم وزیر خان کو مفرور قرار دیا ہے۔ حسین لوائی اور طحٰہ رضا کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

دریں اثناء بینکنگ کورٹ نے اربوں روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور کی جانب سے دائر ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست 18 اگست تک منظور کرتے ہوئے انہیں 20 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

جمعہ کو بینکنگ کورٹ میں اربوں روپے کی منی لانڈرنگ سے متعلق کیس میں پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور نے اپنے وکیل کے توسط سے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی۔
یاد رہے کہ سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو سپریم کورٹ نے پیشی کیلئے الیکشن تک کی مہلت دی تھی۔

 

Advertisement