راولپنڈی (دنیا نیوز) ایون فیلڈ ریفرنس کیس کے مجرم کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو طبیعت ناساز ہونے کے باعث اڈیالہ جیل سے پمز ہسپتال اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے
کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے اسلام آباد پمز ہسپتال میں پہنچایا گیا۔ ذرائع کے مطابق انھیں السر کا مرض لاحق ہے جبکہ وہ معدے کا آپریشن بھی کرا چکے ہیں۔
پمز ہسپتال میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے معدے کا ٹیسٹ لیا جائے گا، بلڈ پریشر چیک کیا جائے گا جبکہ شوگر ٹیسٹ کیلئے خون کے نمونے لئے جائیں گے۔ ہیڈ آف گیسٹرولوجی ڈاکٹر مشہود کی سربراہی میں 5 رکنی میڈیکل ٹیم کیپٹن صفدر کا معائنہ کر رہی ہے۔
کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے علاج کیلئے پانچ رکنی میڈیکل بورڈ قائم کیا گیا ہے جس میں سرجری، گیسٹروانٹرالوجی، میڈیسن اور ریڈیالوجی کے ماہر شامل ہیں۔ بورڈ میں پروفیسر تنویر خالق، ڈاکٹر مشہود، ڈاکٹر عاطف انعام، فیباح سید اور ڈاکٹر مجاہد شامل ہیں۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا ڈیڑھ سال قبل معدے کا آپریشن بھی ہوا تھا، انھیں گزشتہ چار روز سے قبض کا مسئلہ تھا، جیل انتظامیہ بغیر کسی طبی مشورہ انھیں انیما دیتے رہے، انیما کی زیادہ مقدار سے کیپٹن صفدر کی حالت زیادہ بگڑ گئی۔
خیال رہے کچھ روز قبل سابق وزیرِاعظم نواز شریف کو بھی طبیعت ناساز ہونے پر جیل سے پمز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کے مختلف ٹیس
لیے گئے اور طبیعت کی بحالی تک زیرِ علاج رکھا گیا، اس کے بعد ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو تسلی بخش قرار دیا اور دوبارہ ہسپتال سے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے گزشتہ ماہ ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو گیارہ سال، مریم نواز کو سات سال اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ایک سال کی سزا سنائی گئی تھی۔