اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں عمر قید کی سزا پانے والے حنیف عباسی کو سینے میں درد کے باعث اڈیالہ جیل سے راولپنڈی انسٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق لیگی رہنما حنیف عباسی کے ای سی جی سمیت دیگر ٹیسٹ کئے گئے ہیں، انھیں پولن الرجی اور گلے میں ٹانسلز کے باعث سانس لینے میں بھی دقت کا سامنا ہے جبکہ دل کی ایک شریان 60 فیصد بند ہونے سے بلڈ پریشر بھی مستقل نہیں ہے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق حینف عباسی کی رپورٹس آنے کے بعد ڈاکٹرز فیصلہ کریں گے کہ انہیں ہسپتال رکھا جائے گا یا واپس جیل بھجوایا جائے گا۔
یاد رہے کہ راولپنڈی کی انسدادِ منشیات عدالت نے رواں سال جون میں مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کو ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں عمر قید کی سزا سنائی تھی جس کے بعد انھیں اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی عام انتخابات 2018ء میں اپنی پارٹی کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60 سے الیکشن میں حصہ لے رہے تھے لیکن سزا کے بعد انھیں نااہل قرار دیدیا گیا۔
ایفی ڈرین کیس میں سابق وزیرِاعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی موسیٰ گیلانی اور سابق وزیرِ صحت مخدوم شہاب الدین کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔ حنیف عباسی پر ایفی ڈرین کیس میں ملوث ہونے اور ممنوعہ کیمیائی مادہ ایفی ڈرین کی پانچ سو کلو گرام مقدار حاصل کرنے کا الزام تھا