نئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے حلف اٹھا لیا

Last Updated On 20 August,2018 05:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے پنجاب کے نومنتخب وزیرِاعلیٰ عثمان بزدار سے حلف لے لیا ہے۔

وزیرِاعلیٰ عثمان بزدار کی حلف برداری تقریب میں اعلیٰ سول، عسکری حکام اور پی ٹی آئی رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یاد رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے عثمان بزدار ن لیگی رہنما میاں حمزہ شہباز شریف کو 27 ووٹوں سے شکست دے کر پنجاب کے نئے وزیرِاعلیٰ منتخب ہوئے تھے۔

پنجاب اسمبلی میں بھی قائدِ ایوان کا انتخاب بھی اراکین کی ڈویژن کی بنیاد ہوا تھا، اپنے اپنے امیدوار کی حمایت کرنے والے ارکان الگ الگ لابی میں گئے اور بعد میں ان کی گنتی کی گئی اور سپیکر نے تحریک انصاف کے امیدوار عثمان بزدار کی کامیابی کا اعلان کیا۔ عثمان بزدار نے 186 جبکہ ان کے مدمقابل حمزہ شہباز نے 159 ووٹ حاصل کیے تھے۔

نومنتخب وزیرِاعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کامیابی کے بعد ایوان سے اپنے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ ان کی اولین ترجیح کرپشن کا خاتمہ اور پولیس کے نظام کو بہتر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کی طرز پر صوبہ پنجاب میں پولیس سمیت دیگر اداروں کو مضبوط کیا جائے گا اور اس کے ساتھ نہ صرف ایوان کا ہر رکن اپنے حلقے کا وزیراعلیٰ ہو گا بلکہ مقامی حکومتوں کو بھی موثر بنایا جائے گا۔