لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کمپنیز سکینڈل میں صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نیب لاہور کے دفتر میں پیش ہوئے۔ نیب کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے ان سے میرٹ کے برعکس ٹھیکے دینے کی تحقیقات کیں۔
پنجاب کمپنیز سکینڈل کی تحقیقات میں تیزی آ گئی۔ پاور ڈویلپمنٹ کمپنی میں میرٹ کے برعکس ٹھیکوں اور تعیناتیوں کے کیس میں سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف نیب لاہور کے دفتر میں پیش ہوئے جہاں تحقیقاتی ٹیم نے ایک گھنٹہ 46 منٹ تک ان سے سوال و جواب کئے۔
شہباز شریف پر الزام ہے کہ انہوں نے بطور وزیرِاعلیٰ پنجاب آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کا ٹھیکہ میرٹ کے برعکس دینے کا حکم دیا جس سے منصوبے کی شفافیت پر تحفظات اٹھے۔
ان پر یہ بھی الزام ہے کہ پاور ڈویلپمنٹ کمپنی میں ان کی ایماء پر من پسند افراد کو غیر قانونی طور پر تعینات کیا گیا جس سے سرکاری خزانے پر بوجھ پڑا۔
نیب ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی جانب سے فراہم کئے گئے ریکارڈ کی چھان بین کے بعد انہیں دوبارہ طلب کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔