وادی نیلم میں خوفناک آتشزدگی، مسجد و ہسپتال سمیت متعددعمارتیں جل گئیں

Last Updated On 25 August,2018 09:55 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وادی نیلم کے بالائی علاقے سرگن بازار میں خوفناک آتشزدگی سے 36 دوکانیں، مسجد، ہسپتال اور 2 گیسٹ ہائوسز سمیت 20 رہائشی عمارتیں جل گئیں۔ رات گئے لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا۔ آتشزدگی سے کروڑوں روپے کا مالی نقصان ہوا۔

وادی نیلم کے علاقے سرگن میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگنے والی آگ پر 8 گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا ہے۔ رہائشی مکان میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے بازار کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

لکڑی سے تیار کی گئی عمارتوں میں لگنے والی آگ پر قابو پانا ناممکن ہو گیا۔ آتشزدگی سے 36 دوکانیں سامان سمیت جل کر خاکستر ہو گئیں جبکہ ایک ہائی سکول، مسجد، دو گیسٹ ہائوسز، سرکاری ہسپتال سمیت رہائشی مکانات بھی تباہ ہو گئیے۔

سرگن بازار میں لگنے والی آگ کی اطلاع ملتے ہی پاک فوج اورمقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا، علاقے میں فائر بریگیڈ کی گاڑی نہ ہونے کی وجہ سے آگ بجھانے میں 8 گھنٹے لگ گئے۔ یاد رہے کہ دو ماہ قبل بھی شاردہ میں آتشزدگی سے 50 سے زائد دکانیں اور دیگر املاک جل گئی تھیں جس سے کروڑوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔