اسد عمر کی سربراہی میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کا پہلا اجلاس طلب

Last Updated On 28 August,2018 01:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نئی حکومت نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کا پہلا اجلاس طلب کرلیا، وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر اجلاس کی صدارت کریں گے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا پہلا اجلاس نئے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی سربراہی میں ہوگا، اجلاس میں گردشی قرضوں اور پاور سیکٹر پر اس کے اثرات پر بات ہوگی، پی ایس او کی مالی حالات کا جائزہ اور گیس کی قیمت پر بھی بات ہوگی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں خریف میں ڈی اے پی کی فراہمی اور کھاد کی کمی کو پورا کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نئی حکومت کو گردشی قرضوں کو کم کرنے کے لئے نئے قوانین مرتب کرنے ہونگے تا کہ ہر 5 سال کے بعد گردشی قرضوں کا مسئلہ دوبارہ نہ اٹھے، اس کے علاوہ بہتر زرعی پیداوار کے لئے کھاد کی بلا تعطل فراہمی کو بھی یقینی بنانا ہوگا۔