این آر او کیس: مشرف کے اثاثوں کی مالیت 54 لاکھ درہم، بیان حلفی جمع

Last Updated On 29 August,2018 12:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) این آر او کیس میں پرویز مشرف نے بیان حلفی سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا، بیان حلفی میں کہا گیا کہ وہ دبئی ٹاور سکس میں ایک اپارٹمنٹ اور بیرون ملک 54 لاکھ درہم کے مجموعی اثاثوں کے مالک ہیں۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں این آر او کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ عدالت نے پرویز مشرف کے ذرائع آمدن کی تفصیلات طلب کر لیں۔ پرویز مشرف کے وکیل کی جانب سے جمع کرائے گئے بیان حلفی میں کہا گیا کہ پرویز مشرف کے پاس بیرون ملک 3 گاڑیاں ہیں، غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹ میں 92 ہزار 100 درہم ہیں، بیرون ملک اثاثوں کی مالیت 5.4 ملین درہم ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ مشرف کی ساری تنخواہیں ڈال دیں تب بھی اتنی جائیداد نہیں بنا سکتے، پرویز مشرف کو بلائیں، خود آ کر وضاحت پیش کریں۔

وکیل اختر شاہ نے کہا پرویز مشرف نے پیسے پاکستان سے نہیں کمائے، انہوں نے بیرون ملک لیکچرز دے کر پیسے کمائے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پرویز مشرف کو سعودی عرب سے بھی تو تحفے ملے ہیں، پاکستان میں موجود اثاثوں کی تفصیلات بھی فراہم کریں، ذرائع آمدن کی تفصیلات بھی دیں، اہلیہ کے اثاثوں کی تفصیلات بھی 10 دن کے اندرجمع کرائیں۔