اللہ کا کرم ہوگیا، خاکوں کا مقابلہ منسوخ ہونا اخلاقی فتح ہے: شاہ محمود قریشی

Last Updated On 31 August,2018 12:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے ڈچ وزیر خارجہ نے پیغام دیا کہ گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ کر دیا گیا ہے، مقابلہ منسوخ ہونا اخلاقی فتح ہے، ہالینڈ کے سفیر کا پیغام آگیا کہ ڈچ کے لوگوں کی جانوں کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتے اس لئے انہوں نے یہ مقابلہ ترک کر دیا ہے۔

تحریک لبیک کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہالینڈ میں خاکوں سے متعلق مسلمانوں میں اضطراب پیدا ہوا، اس معاملے پر تحریک لبیک نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے اور ان میں غم وغصہ پایا جاتا ہے، ہم نے کابینہ کی ہدایت پر اقدامات کیے اور گستاخانہ خاکوں کیخلاف قومی اسمبلی میں متفقہ قرار داد منظور کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ڈچ وزیر خارجہ سے پاکستانی حکومت اور عوام کے جذبات کا اظہار کیا اور ہالینڈ کی حکومت نے معاملے سے لاتعلقی کی وضاحت کی کہ حکومت کا خاکوں سے تعلق نہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ معاملہ اب بھی عالمی فورمز پر اٹھائیں گے اور احتجاج بھی ضرور ہوگا، ہم نے او آئی سی کے جنرل سیکرٹری سے تنظیم کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کامطالبہ کیا ہے، ترک وزیرخارجہ کو بھی اس حوالے سے خط لکھا ہے، انہوں نے پاکستانی موقف کی تائید کی ہے۔ میں اس معاملے کو اقوام متحدہ میں بھی اٹھانے کی کوشش کروں گا۔ انکا کہنا تھا ایسے واقعات انتہا پسندی کو فروغ دیتے ہیں، ایسے معاملات سے نمٹنے کیلئے مربوط حکمت عملی اپنائیں گے۔

ادھر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کی منسوخی پاکستان کی حکومت اور عوام کی بڑی کامیابی ہے، آج وزیر اعظم کا پیغام اور ان کی ہدایت پر وزارت خارجہ کے روابط اس کامیابی کا باعث بنے ، عشق رسولﷺ سلامت رہے، پاکستان زندہ باد۔