قربانیاں‌ فراموش، امریکا نے پاکستان کی 30 کروڑ ڈالر کی امداد روک دی

Last Updated On 02 September,2018 05:56 pm

لاہور: (دنیا نیوز) امریکا نے پاکستان کی قربانیوں اور کامیابیوں کو فراموش کردیا، دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس اقدامات نہ کرنے کا پرانا راگ الاپتے ہوئے پینٹاگون نے پاکستان کی 30 کروڑ ڈالر کی امداد منسوخ کرتے ہوئے روک دی۔ امداد کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں واجب الادا تھی، امریکا کی جانب سے روکی جانیوالی امداد اب بڑھ کر 800 ملین ڈالر ہو گئی ہے۔

دہشت گردی کے جنگ میں پاکستان کی قربانیاں ایک بار پھر نظرانداز کرتے ہوئے امریکا نے پاکستانی امداد منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔ پینٹاگون نے 30 کروڑ ڈالر کی امداد منسوخ کرنے کا حتمی فیصلہ وہی پرانا راگ الاپ کر کیا کہ پاکستان نے شدت پسند وں کے خلاف ٹھوس کارروائیاں نہیں کیں۔ پینٹاگون کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل کونی فاکنر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان افغانستان میں امریکی خواہشات پر پورا نہیں اترا جس پر امریکا نے 30 کروڑ ڈالر کی امداد بند کر دی ہے۔

ترجمان پینٹاگون کا کہنا تھا کہ اگر کانگریس نے منظوری دے دی تو پینٹاگون اب یہ رقم دیگر ضروری ترجیحات پر صرف کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ امریکا کی جانب سے مذکورہ امداد کولیشن سپورٹ فنڈ میں دی جانی تھی. لیفٹیننٹ کرنل کونی فاکنر کا کہنا تھا کہ کانگریس نے پاکستان کو کولیشن سپورٹ فنڈز کے 50 کروڑ ڈالر رواں سال کے آغاز میں بھی روک لیے تھے، جس سے بعد روکی جانے والی کل رقم 80 کروڑ ڈالر ہوگئی ہے۔

پینٹاگون کی جانب سے یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو اور اعلیٰ امریکی فوجی افسر جنرل جوزف ڈنفورڈ اسلام آباد کا دورہ کرنے والے ہیں۔