پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو مشرف رسول کی تعیناتی کالعدم قرار

Last Updated On 03 September,2018 06:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو مشرف رسول کو برطرف کر دیا۔ مختصر فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سی ای او کی تعیناتی غیرقانونی تھی، مشرف رسول اس عہدے کے اہل ہی نہیں تھے۔

 چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے مختصر فیصلے میں قرار دیا کہ مشرف رسول کی بطور چیف ایگزیکٹو تعیناتی غیر قانونی ہے، وہ اس عہدے کے اہل ہی نہیں تھے، مشرف رسول کی ہوا بازی سے متعلق کوئی اہلیت نظر نہیں آئی، تعیناتی کرتے وقت پی آئی اے کے قوائد و ضوابط کی خلاف ورزی کی گئی، فیصلےکی تفصیلی وجوہات بعد میں بتائی جائیں گی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے پی آئی اے ایک قومی ادارہ ہے اس میں اس طرح کے نااہل لوگ کیوں لگائے گئے، شارٹ لسٹ میں آخری نمبر والے کو سی ای او کیسے بنا دیا گیا، تمام معاملات ٹھیک کریں، اب اچھے لوگ آنے چاہئیں۔