اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) وزیرا عظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 9 نکاتی ایجنڈا پر غور کیا جائے گا۔ ایجنڈا کے مطابق وزیرا عظم کے خصوصی مشیر برائے احتساب لوٹی گئی دولت ملک واپس لانے کیلئے اب تک کی گئی کوششوں پر بریفنگ دیں گے۔
روزنامہ دنیا کو موصول ایجنڈا کے مطابق وزارت خزانہ کابینہ کو وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز میں صوابدیدی فنڈز کی ریکوری پر بھی بریفنگ دے گی۔ وفاقی کابینہ ایوی ایشن ڈویژن کی طرف سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کمپنی لمیٹڈ (پی آئی اے سی ایل ) کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تعیناتی کی بھی منظوری دے گی۔
کابینہ وزارت سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل ترقیاتی ڈویژن کی طرف سے نیشنل انڈسٹریل ریلشنز کمیشن (این آئی آر سی ) کے چیئرمین، جسٹس (ریٹائرڈ ) شاکراللہ جان کے کنٹریکٹ میں مزید توسیع کی سمری کی بھی منظوری دے گی۔ اسلام آباد میں چیف کمشنر برائے افغان مہاجرین کی بطورذیلی ادارہ منظوری دیئے جانے کی سمری پیش کی جائے گی۔
اجلاس میں ایچ ای سی اور چین کے اکیڈمی آف سائنسز کے درمیان ارتھ سائنسز پر مشترکہ ریسرچ سینٹرز کے قیام پر مفاہمی یادداشت کی منظوری کی سمری پیش کی جائے گی۔