نندی پور ریفرنس، بابر اعوان اور راجا پرویز اشرف 18 ستمبر کو طلب

Last Updated On 05 September,2018 07:48 pm

اسلام آباد: (اسلام آباد) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نندی پور ریفرنس میں بابر اعوان اور سابق وزیرِاعظم راجا پرویز اشرف کو 18 ستمبر کو طلب کر لیا ہے، احتساب عدالت نے تمام ملزمان کی طلبی کے سمن جاری کر دیئے ہیں۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے بابر اعوان اور راجا پرویز اشرف کیخلاف نندی پور پاور پراجیکٹ ریفرنس کو قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے نیب ریفرنس کے باقاعدہ ٹرائل کیلئے تمام ملزمان کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر ایک کے جج محمد بشیر نے نندی پور ریفرنس سکروٹنی مکمل کی۔ نیب کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ سابق وزیرِ قانون بابر اعوان نے منصوبے پر قانونی رائے دینے میں تاخیر کی جس کے باعث منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا اور قومی خزانے کو 27 ارب روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔

نیب کا کہنا ہے کہ اس نقصان کے ذمہ دار اس وقت کے وزیرِ قانون بابر اعوان اور سابق وزیرِاعظم راجا پرویز اشرف ہیں۔ عدالت نے ریفرنس کو قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے بابر اعوان، راجا پرویز اشرف، سابق سیکرٹری قانون ریاض کیانی، مسعود چشتی سمیت تمام ملزمان کی طلبی کے سمن جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ احتساب عدالت نمبر دو کے جج ارشد ملک نندی پور ریفرنس کی سماعت کریں گے۔