اسلام آباد: ( روزنامہ دنیا) نو منتخب صدر عارف علوی نے 2014 کے دھرنے کے دوران پی ٹی وی اور پارلیمنٹ ہاؤس پر حملے کے خلاف انسدادِ دہشت گردی ایکٹ(اے ٹی اے ) کے تحت درج مقدمے میں صدارتی استثنیٰ لینے کا فیصلہ کر لیا، اس فیصلے کے حوالے سے عدالت کو اگلی پیشی پر آگاہ کر دیا جائے گا۔
یہ بات عارف علوی کے وکیل علی بخاری نے نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران بتائی۔ انھوں نے کہا کہ چونکہ عارف علوی اب صدر منتخب ہوچکے ہیں، اس لیے وہ استثنیٰ سے فائدہ اٹھائیں گے اور ان کے خلاف مجرمانہ مقدمات نہیں چلائے جاسکتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سلسلے میں اے ٹی سی کے جج سید کوثر عباس زیدی کو آئندہ سماعت میں آگاہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ آئین کے آرٹیکل 248 کے مطابق صدر اور گورنر کے خلاف ان کے عہدے کی مدت کے دوران کوئی مقدمہ درج نہیں کیا جاسکتا، نہ ان کے خلاف کسی بھی عدالت میں پہلے سے درج مقدمے کی کارروائی جاری رکھی جاسکتی ہے۔