پنجاب حکومت کا بڑا فیصلہ، سرکاری اداروں میں چٹ سسٹم ختم

Last Updated On 08 September,2018 03:51 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے سرکاری اداروں میں چٹ سسٹم ختم کرنے کا اعلان کر دیا، سائل دروازہ کھولیں، افسر کے کمرے میں داخل ہوجائیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت پنجاب کی صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پنجاب کے تمام سرکاری اداروں میں چٹ سسٹم ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سرکاری محکموں کے سیکریٹریز، آئی جی اور پولیس افسران کو ہدایات پر عمل کرنے کا حکم دے دیا۔

پنجاب حکومت نے موقف اپنایا کہ ہر سرکاری دفتر کا دروازہ عوام کیلئے کھلا رہے گا، کسی دفترمیں افسر سے ملنے کیلئے چٹ بھیج کر انتظارنہیں کرنا پڑے گا، سائل دروازہ کھولے اور افسرکے کمرے میں داخل ہوجائے۔

صوبائی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ سائل کو بیوروکریسی سے ملاقات میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہئے جس پر انہوں نے سرکاری محکموں کے سیکریٹریز، آئی جی اور پولیس افسران کو ہدایات پر عمل کرنے کا حکم بھی دے دیا۔
 

Advertisement