چندے اور باتیں کرنے سے ڈیم نہیں بنتے، شاہد خاقان عباسی

Last Updated On 10 September,2018 06:49 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ بھاشا ڈیم کے لئے پیسے کوئی مسئلہ نہیں، انتظامی امور کو ٹھیک کرنا ہو گا۔

سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے داتا دربار پر حاضری کے بعد این اے 124 کی انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومتیں حقائق پر بات کرتی ہیں، محض بیان نہیں دیتیں۔ ہم نے جو کچھ کیا اس پر جواب دینے کے لئے تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈیم باتیں کرنے اور چندوں سے نہیں بنتے۔ بھاشا ڈیم کے لے پیسے کوئی مسئلہ نہیں، انتظامی امور کو ٹھیک کرنا ہو گا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ گزشتہ الیکشن میں خلائی مخلوق کی وجہ سے شکست ہوئی، اس مرتبہ ضمنی الیکشن میں سب کو مسلم لیگ ن کی مقبولیت کا پتہ چل جائے گا۔ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔