وزیراعلیٰ سندھ کا دیامر بھاشا ڈیم پر چاروں صوبوں سے مشاورت کا مشورہ

Last Updated On 11 September,2018 02:37 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ نے دیامر بھاشا ڈیم پر چاروں صوبوں سے مشاورت کا مشورہ دے دیا۔ انہوں نے کہا اعتراضات دور ہونے چاہئیں، صوبائی خود مختاری کو متاثر کیا گیا تو مزاحمت کریں گے۔

 گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جرائم کی روک تھام کیلئے جامع پالیسی بنائیں گے، دہشتگردی کی طرح اسٹریٹ کرائم پر بھی قابو پا لیں گے۔ انہوں نے کہا 18 ویں ترمیم کو رول بیک نہیں ہونےدیں گے، سانحہ بلدیہ پر پیشرفت جاری ہے، مجرمان کو سزا ملے گی، قائداعظم کے وژن کو آگے بڑھائیں گے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا صوبے کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، ہماری کوشش ہے کہ صوبے کو صحت اور تعلیم کی سہولیات دیں، عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا الیکشن میں بے ضابطگیوں کے بڑے شواہد موجود ہیں، صوبے کی ترقی کیلئے دن رات محنت کریں گے۔