کوئٹہ: (دنیا نیوز) پشین میں اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کے قریب دھماکے میں 3 لیویز اہلکار شہید جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا، زخمی اہلکار کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر پشین اورنگزیب بادینی کا کہنا ہے کہ تحصیل برشور کے اسسٹنٹ کمشنر امیر زمان خان کی گاڑی جب بائی پاس کے قریب پہنچی تو موٹر سائیکل میں نصب بم دھماکے سے پھٹ گیا، دھماکے میں 3 لیویز اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔
دھماکے کے بعد سکیورٹی اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، زخمی اہلکار کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ دھماکے کے وقت اسسٹنٹ کمشنر امیر زمان خان گاڑی میں موجود نہیں تھے۔ واقعہ کے فوری بعد پولیس اور لیویز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کرتے ہوئے پشین بائی پاس کو آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا۔ پشین کے نواحی علاقوں میں ناکہ بندی کر کے سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
صوبائی وزیر داخلہ سلیم کھوسہ نے پشین دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کر لی جبکہ واقعہ میں زخمی اہلکار کو فوری طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔