لاہور: (دنیا نیوز) شہدائے کربلا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھرمیں نویں محرم الحرام کے جلوس منعقد کیے گئے، جلوسوں کے روٹس پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے جبکہ داخلی راستوں پر واک تھروگیٹ نصب کیے گئے، سکیورٹٰی کیلئے ملک بھر میں ہزاروں اہلکار تعینات رہے، کراچی سمیت کئی شہروں میں دن بھر موبائل فون سروس بھی معطل رہی اور کئی شہروں میں ڈبل سواری پر بھی پابندی رہی۔
نواسہ رسول حضرت امام حسین کے جوان فرزند حضرت علی اکبرکی شہادت کی مناسبت سے کراچی میں نویں محرم الحرام کا جلوس نشترپارک سے برآمد ہوا اور اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر میں اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے راستے میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔تمام گلیوں کو کنٹینرز اور رکاوٹیں لگا کر بند اور ایم اے جناح روڈ کی تمام دکانوں کو سیل کیا گیا تھا۔ ہیلی کاپٹر اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے بھی جلوس کی نگرانی کی گئی۔
لاہور میں نویں محرم کا جلوس صبح ساڑھے 10 بجے پانڈو اسٹریٹ سے برآمد ہوا، سیکیورٹی کیلئے 15سو سے زائد پولیس اہلکار، رینجرز کے جوان اور رضا کار تعینات رہے۔ جلوس کے روٹ سے متصل تمام راستوں کو کنٹینر اور رکاوٹیں لگا کر سیل کیا گیا جبکہ موبائل سروس معطل اور ڈبل سواری پر بھی پابندی رہی۔
اسلام آباد میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس سیکٹر جی 6 ٹو امام بارگاہ سے برآمد ہوا جو مختلف راستوں سے ہوتا ہوا مقررہ مقام پر اختتام پذیر ہوا۔
پشاور میں نویں محرم الحرام کا شبیہہ علم و ذوالجناح کا مرکزی جلوس مخصوص راستوں سے ہوتا ہوا اختتام پذیر ہوگیا۔پشاورمیں نویں محرم الحرام کا شبیہہ علم و ذوالجناح کا مرکزی جلوس صبح 10 بجے امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر روڈ کینٹ سے برآمد ہوا۔ماتمی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا فوارا چوک پہنچا جہاں نماز ظہرین ادا کی گئی، اس موقع پر عزادار سینہ کوبی اور زنجیر زنی کرتے رہے۔
کوئٹہ میں نویں محرم الحرام کے سلسلے میں شبیہہ ذوالجناح کا جلوس نکالا گیا، جلوس کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ جلوس دو پہر کو میکانگی روڈ پر واقع امام بارگاہ ناصر العزاء سے برآمد ہوا، جلوس کے موقع پر عزادار سینہ کوبی اور نوحہ خوانی کرتے رہے۔نویں محرم کےجلوس کے روٹ پر جانےوالے راستوں کو سیل کر دیا گیا تھا جبکہ اس دوران جلوس کے روٹ اور اطراف میں کاروباری مراکز اور دکانیں بھی بند رہیں۔
ملتان میں نویں محرم پر علم اور ذولجناح کا مرکزی ماتمی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارہ گاہ ممتازآباد میں اختتام پزیر ہو گیا
راولپنڈی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ فاطمیہ چیٹیاں ہٹیاں سے برآمد ہوا جو اقبال روڈ کالج روڈ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ کرنل مقبول حسین جاکر اختتام پذیر ہوا۔
سیہون شریف کا مرکزی جلوس درگا ہ لعل شہباز قلندر سے برآمد ہوا، جلوس کی سیکیورٹی سخت،پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات تھی۔