سابق وزیراعظم کی گاڑی کی ٹکر سے پنجاب پولیس کا کانسٹیبل جاں بحق

Last Updated On 22 September,2018 10:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی گاڑی کی ٹکر سے پنجاب پولیس کا کانسٹیبل جاں بحق، پولیس نے گاڑی چلانے والے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق سرکاری نمبر کی گاڑی نے اسلام آباد کے زیرو پوائنٹ پر موٹر سائیکل کو پیچھے سے ٹکر ماری۔ گاڑی کی ٹکر لگنے سے موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر پمز ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔ متوفی کی شناخت ذیشان عباسی کے نام سے ہوئی ہے جو پنجاب پولیس میں کانسٹیبل تھا۔

پولیس نے سابق وزیراعظم کے ڈرائیور عابد نواز کو گرفتار کرکے گاڑی آبپارہ تھانے منتقل کردی ہے۔ پمز ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد میت ورثاء کے حوالے کردی گئی ہے۔ متوفی کے بھائی مہران عباسی نے دنیا نیوز کو بتایا کہ متوفی ذیشان عباسی 25 اگست کو ہی راولپنڈی پولیس لائن میں کورس کی تکمیل کے بعد تعینات ہوا تھا۔ متوقی غیر شادی شدہ اور مری کے علاقے جھیگا گلی کے قریبی گاؤں کا رہائشی تھا۔

مہران عباسی کے مطابق ذیشان عباسی کی تدفین اتوار کو آبائی علاقے میں کی جائے گی۔ متوفی کے بھائی نے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے تھانہ آبپارہ کو درخواست جمع کرا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ڈرائیور عابد نواز کی تیز رفتاری کے باعث حادثہ پیش آیا۔ درخواست میں یہ بھی تحریر کیا گیا ہے کہ حادثے کی ذمہ دار گاڑی سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی ملکیت تھی۔