بھارتی دھمکیوں کے خلاف ڈیرہ بگٹی اور آزادکشمیر میں ریلیاں، مظاہرے

Last Updated On 24 September,2018 06:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بھارتی فوج کے سربراہ کے دھمکی آمیز بیان کے خلاف آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں میں شدید رد عمل کا اظہار کیا جا رہا ہے، مظفرآباد سمیت مختلف شہروں میں بھارت مخالف مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔

مظفرآباد میں نکالی جانے والی بھارت مخالف ریلی کے شرکاء نے علمدار چوک سے شاہراہ سرینگر تک مارچ کیا اور پاکستان کی مسلح افواج سے یکجہتی کے اظہار کے لئے نعرے لگائے، شرکاء ریلی کا کہنا تھا کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان خطے کے امن کو خراب کرنے کی مذموم کوشش ہے۔

مقررین کا یہ بھی کہنا تھا کہ کشمیری پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں، ملک کی سلامتی کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر بھارتی فوج کے سربراہ بپن راوت کی تصاویر کو بھی نذر آتش کیا گیا۔ آزاد کشمیر کے دیگر شہروں ہٹیاں باغ راولاکوٹ اور حویلی میں بھی بھارت مخالف ریلیاں نکالی گئیں۔