کویتی وفد کا بیگ چوری کرنے میں ملوث افسر معطل

Last Updated On 30 September,2018 05:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کویتی وفد کا بیگ چوری کرنے میں ملوث افسر کو معطل کر دیا گیا۔ فواد چودھری نے بتایا ہے کہ ضرار حیدر کے خلاف تحقیقات کی روشنی میں مزید کارروائی ہو گی۔

سٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وزارتِ صنعت وپیداوار کے جوائنٹ سیکرٹری ضرار حیدر کو معطل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ ضرار حیدر کے خلاف تحقیقات کاحکم دیدیا گیا ہے، تحقیقات کی روشنی میں ان کے خلاف مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان کے دورے پر آئے ایک کویتی افسر کا بیگ اقتصادی امور ڈویژن اجلاس کے دوران غائب ہو گیا تھا، شور مچ جانے پر سی سی ٹی وی فوٹیج نے بھانڈا پھوڑ دیا۔ اقتصادی امور ڈویژن کا گریڈ 20 کا اعلیٰ افسر ضرار حیدر بیگ غائب کرنے میں ملوث پایا گیا تھا۔

فوٹیج دیکھنے کے بعد ضرار حیدر سے بیگ برآمد کرتے ہوئے وزارت نے اپنے افسر کے خلاف کارروائی شروع کر دی تھی۔ ذرائع کے مطابق اعلیٰ سطح پر کویتی وفد سے بھرپور معذرت کی گئی۔